جمعرات, فروری ۱۲, ۲۰۲۶
10.8 C
Srinagar

زعفران پیداوار میں کمی کا دعویٰ غلط؛ 3715 ہیکٹیر رقبہ برقرار: حکومت

جموں: حکومت نے جمعرات کو اسمبلی میں واضح کیا ہے کہ سال 2025 کے دوران زعفران کی پیداوار میں کسی قسم کی کمی ریکارڈ نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی یہ پیداوار 5 فیصد تک گری ہے۔یہ وضاحت رکن اسمبلی حسنین مسعودی کی جانب سے اسمبلی میں پیش کیے گئے سوالات کے جواب میں کی گئی۔

حکومت کے مطابق قومی مشن برائے زعفران کے آغاز سے پہلے زعفران کی کاشت اور پیداوار میں شدید کمی آئی تھی، مگر مشن کے نفاذ کے بعد صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔محکمہ زراعت کے مطابق 2010-11 سے زعفران کی کاشت شدہ زمین 3,715 ہیکٹر ہے، جبکہ مشن کے ذریعے نئی ٹیکنالوجی، جی آئی ٹیگنگ، سائنسی خشک کاری، مارکیٹنگ سہولیات اور پروسیسنگ کے باعث مجموعی پیداوار اور معیار میں اضافہ ہوا ہے۔

محکمے کا کہنا ہے کہ 2000 کی دہائی میں فی ہیکٹر محض 1.27 سے 1.68 کلو پیداوار رہ گئی تھی، تاہم مشن کے بعد پیدا وار کی شرح مسلسل بہتر ہوئی ہے، سوائے چند برسوں کے جن میں سیلاب (2014) اور خشک سالی (2017-18) کے سبب پیداوار متاثر ہوئی تھی۔گزشتہ پانچ برسوں کے اعدادوشمار کے مطابق مجموعی پیداوار میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے، جو 2023-24 میں 23.53 میٹرک ٹن تک پہنچی۔ مشن کے نتیجے میں جی آئی ٹیگنگ اور سائنسی پروسیسنگ کے باعث زعفران کا معیار بہتر ہوا اور قیمت 80 ہزار روپے فی کلو سے بڑھ کر 2 لاکھ 20 ہزار روپے فی کلو تک پہنچی۔حکومت نے اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا ہے کہ پی ایم زعفران مشن ناکام ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشن کے تحت بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں، تاہم کچھ اہداف—خصوصاً آبپاشی نظام مکمل نہیں ہوسکے۔ کشمیر میں کمیونٹی بورویلز کے نیٹ ورک کی تعمیر میں سب سے بڑی رکاوٹ ٹینڈرنگ میں کم حصہ داری اور کسانوں کی جانب سے بورویلز کی دیکھ ریکھ کے اخراجات برداشت کرنے سے ہچکچاہٹ رہی۔ اب تک 85 بورویلز محکمہ زراعت کے سپرد کیے جا چکے ہیں، جن میں سے صرف چند عملی طور پر فعال ہیں۔

حکومت نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ بعض علاقوں میں کچھ عناصر اور رئیل اسٹیٹ مافیا کی سرگرمیوں نے سپرنکلر نظام اور بورویلز کو نقصان پہنچایا، جس کے خلاف کارروائی اور شکایات متعلقہ حکام تک پہنچائی گئی ہیں۔وزارت زراعت کے مطابق مشن کا بڑا حصہ کامیابی سے مکمل ہوا ہے اور باقی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے کسانوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے تاکہ زعفران مشن کے اصل مقاصد—پیداوار میں اضافہ، معیار کی بہتری اور آبپاشی نظام کی مضبوطی—کو پوری طرح حاصل کیا جا سکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img