سری نگر: جموں وکشمیر اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن اور بی جے پی کے سینئر لیڈر سنیل شرما پیر کو یہاں اجا ہسپتال پہنچے اور وہاں نوگام پولیس اسٹیشن میں ہوئے حادثاتی دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور ان کی خیر و عافیت دریافت کی۔اس دوران بی جے پی جموں وکشمیر یوںٹ کے سابق صدر رویندر رینہ ان کے ہمراہ تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ لیڈر آف اپوزیشن نے زخمیوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں اس مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ سنیل شرما نے اس المناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا کی۔
انہوں نے اس حادثاتی دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ کے ساتھ بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں جمعہ کی شام دیر گئے ایک حادثاتی دھماکے میں 9 افراد کی موت جبکہ 32 دیگر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں 27 پولیس اہلکار، 2 ریونیو اہلکار اور نزدیکی علاقوں کے 3 شہری شامل تھے۔





