سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منونج سنہا نے نوگام پولیس اسٹیشن میں ہونے والے المناک حادثاتی دھماکے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ، دوستوں اورعزیزوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔واضح رہے کہ نوگام پولیس اسٹیشن میں گذشتہ شب ایک حادثاتی دھماکہ ہوا جس میں 9 افراد کی موت جبکہ 32 دیگر زخمی ہوگئے جن میں بیشتر پولیس اہلکار شامل ہیں۔
منوج سنہا نے اس واقعے پر اظہار دکھ کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ سری نگر کے نوگام پولیس اسٹیشن میں انتہائی المناک حادثاتی دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا رنج ہوا’۔انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ان کا کہنا تھا: ‘ حکومت جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ، دوستوں اورعزیزوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے اور میں نے اس حادثاتی دھماکے کی وجہ معلوم کرنے کے لئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے’۔





