مصطفی جمیل
محکمہ تعلیم میں ایک اہم تقرری کے تحت نصیر احمد وانی (جے کے اے ایس) نے باضابطہ طور ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر کا چارج سنبھال لیا ہے۔جس کے لئے حکومت جموں و کشمیر کی طرف سے پہلے ہی 9 اکتوبر 2025 کو ایک آرڈر زیرِ نمبر
1325-JK(GAD) of 2025
جاری ہوا تھا۔
اس موقع پر مختلف تعلیمی حلقوں نے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں محکمہ تعلیم مزید ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہوگا۔ تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نصیر احمد وانی اپنی بصیرت، تجربے اور قیادت کی صلاحیتوں کے ذریعے نظامِ تعلیم میں مثبت اصلاحات لائیں گے اور تعلیمی معیار کو مزید بلند کریں گے۔
نصیر احمد وانی ایک تجربہ کار منتظم کے طور پر جانے جاتے ہیں، جنہوں نے مختلف اہم عہدوں پر ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔ وہ اپنی قیادت، تدبر اور عملی نظرئے کے لیے خاص مقام رکھتے ہیں۔ ان کے بارے میں یہ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ وہ کشمیر میں تعلیمی نظام کو مزید مضبوط، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کریں گے۔ اساتذہ برادری کو یقین ہے کہ نصیر احمد وانی کی قیادت میں محکمہ تعلیم نئی جہتوں اور کامیابیوں سے ہمکنار ہوگا۔
اسی دوران محکمہ تعلیم میں ملازمت سے سُبکدوش ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن کشمیر، ڈاکٹر جی۔ این۔ ایتو کی غیر معمولی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ ڈاکٹر جی این ایتو کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔
الوداعی تقریب پر مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر ایتو نے اپنی دوراندیشی، محنت اور انسان دوست رویے سے محکمہ تعلیم میں ایک نیا رجحان قائم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر جی این ایتو نے بطور منتظم نہ صرف اپنے ماتحت عملے بلکہ عام شہریوں کے ساتھ بھی شفقت، اخلاص اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت وہ ایک مثالی راہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں۔





