نئی دہلی: تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ہفتہ سے ہوائی ایندھن (اے ٹی ایف) کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ 19 کلوگرام والے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق، دہلی میں آج سے ہوائی ایندھن کی قیمت 777 روپے (0.83 فیصد) بڑھ کر 94,543.02 روپے فی کلولیٹر ہو گئی ہے۔ اس سے پہلے اکتوبر میں اس کی قیمت میں تین فیصد سے زیادہ اضافہ کر کے 93,766.02 روپے فی کلولیٹر کر دی گئی تھی۔
کلکتہ میں آج سے ہوائی ایندھن 0.76 فیصد مہنگا ہو کر 97,549.18 روپے فی کلولیٹر ہو گیا ہے۔ ممبئی میں اس کی قیمت میں 0.84 فیصد اور چنئی میں 0.81 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ بالترتیب 88,447.87 روپے اور 98,089.68 روپے فی کلولیٹر ہو گئی ہے۔
تجارتی ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اکتوبر میں اضافہ کیا گیا تھا، لیکن اب اس میں کمی کی گئی ہے، جبکہ 14.2 کلوگرام والے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ دہلی میں کمرشل ایل پی جی سلنڈر آج سے 5 روپے سستا ہو گیا ہے، اور اب یہ 1,590.50 روپے کا ملے گا۔ ممبئی میں بھی اتنی ہی کمی کے بعد اس کی قیمت 1,542 روپے ہو گئی ہے۔
کلکتہ اور چنئی میں اس کی قیمتوں میں 4.50 روپے کی کمی کی گئی ہے اور اب یہ بالترتیب 1,694 روپے اور 1,750 روپے کا ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے اکتوبر میں دہلی میں کمرشل ایل پی جی سلنڈر 15.50 روپے مہنگا ہوا تھا۔
گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 8اپریل 2025 کے بعد سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ دہلی میں اس کی قیمت 853 روپے، کلکتہ میں 879 روپے، ممبئی میں 852.50 روپے اور چنئی میں 868.50 روپے ہے۔
تیل مارکیٹنگ کمپنیاں بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی شرح تبادلہ کی بنیاد پر ایل پی جی اور ہوائی ایندھن کی قیمتوں کا ہر ماہ جائزہ لیتی ہیں، اور عموماً ہر ماہ کی پہلی تاریخ سے نئی قیمتیں نافذ کر دی جاتی ہیں۔
یو این آئی





