سری نگر: جموں وکشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے درو دراز علاقوں بشمول گریز وادی میں جاری ہیلی کاپٹر خدمات صرف ان لوگوں کے لئے ہیں جو موسم سرما میں برف باری کے باعث دنیا سے کٹ جاتے ہیں۔
انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ یہ خدمات سیاحتی مقاصد کے لئے نہیں ہیں۔وزیر اعلیٰ نے یہ باتیں پیر کو اسمبلی سیشن کے دوران ایک سوال کا جواب دینے کے دوران کیں۔
انہوں نے کہا: ‘موجودہ فضائی خدمات گریز کے لوگوں کے لئے شروع کی گئی ہیں کیونکہ یہ خطہ موسم سرما میں برف باری کی وجہ سے دنیا سے کٹ کر رہ جاتا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘حکومت کے پاس فی الحال ایسے دور دراز علاقوں کے لئے سیاحتی پروازیں شروع کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے’۔
عمر عبداللہ نے کہا: ‘اگرچہ حکومت کے پاس ان خدمات کو سیاحوں کے لئے بڑھانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے لیکن انتطامیہ ایسے نجی خدمات کا خیر مقدم کرے گی جو سیاحت سے متعلق رابطے کو بہتر بنانا چاہتے ہوں’۔انہوں نے کہا: ‘اگر کوئی نجی آپریٹر گریز یا دیگر دور دراز مقامات کے لئے سیاحوں کی ہیلی کاپٹر خدمات شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کرتا ہے تو حکومت اس کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی’۔





