جموں،: منشیات کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے ضلع کٹھوعہ میں 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس اسٹیشن لکھن پور کی ایک ٹیم نے بشولی موڈ لکھن پور پر ایک ناکے کے دوران ایک موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبرJK08Q – 7769 کو روکا جو براستہ بشولی موڈ پنجاب سے کٹھوعہ کی طرف آ رہی تھی اور اس پر دو افراد سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے تقریباً 302.02 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کی بر سرموقع ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار شدگان کی شناخت حنیف شاہ ولد یوسف شاہ ساکن بھمبر ون کٹھوعہ اور حسن دین ولد موج دین ساکن تارن امرتسر کے طور پر کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن لکھن پور میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر125/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے لوگوں سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے آگے آنے کی اپیل دہرائی۔
