منگل, اکتوبر ۲۱, ۲۰۲۵
21.6 C
Srinagar

فتح کدل سرینگر میں آتشزدگی، کم سے کم 6 مکان خاکستر

سری نگر،:سری نگر کی گنجان آبادی والے علاقے فتح کدل میں دوران شب آتشزدگی کی ایک ہولناک واقعے میں کم سے کم 6 رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے فتح کدل علاقے میں رات کے قریب 11 بجے ایک رہائشی مکان میں آگ لگ گئی جس کے شعلوں نے متصل واقع ڈھانچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور ان شعلوں اور دھویں کو دور دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آتشزدگی کے بارے میں اطلاع موصول ہوتے ہی مختلف فائر اسٹیشنوں سے 10 فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا جنہوں نے سخت محنت کرکے آگ کو قابو میں کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس حادثہ میں کم سے کم 6 رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جار ہی ہیں تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ادھر وادی میں گذشتہ دنوں کے دوران آگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے سردیوں کے موسم میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر عوام کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے اور چوکسی برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سردیوں میں ہیٹنگ آلات اور گیس اسٹوو وغیرہ کے زیادہ استعمال کے سبب اکثر آگ لگنے کے واقعات پیش آتے ہیں، لہٰذا عوام کو چاہئے کہ وہ درج ذیل ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
محکمہ نے ہدایت دی ہے کہ تمام برقی ہیٹنگ آلات، بخاری، اور ایل پی جی گیس اسٹوو کو سونے سے قبل یا گھر سے نکلنے سے پہلے بند کر دیا جائے۔ اسی طرح کانگڑی کا استعمال احتیاط سے کیا جائے اور رات کے وقت اسے محفوظ جگہ پر رکھا جائے تاکہ کسی حادثے کا خدشہ نہ رہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img