سری نگر،: سماجی جرائم کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں چوری کے ایک معاملے کو 24 گھنٹوں کے اندر ہی حل کرکے 2 ملزموں کو گرفتار کیا ہے اور مسروقہ مال کو بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس اسٹیشن امام صاحب میں نذیر احمد گنائی ساکن ڈی کے پورہ کی تحریری شکایت پر ایک ایف آئی آر زیر نمبر31/2025 درج کیا گیا اور شکایت میں کہا گیا کہ دوران شب کچھ نامعلوم افراد نے ان کے گھر کے احاطے سے متعدد سیب کے کریٹ چوری کر لئے۔
انہوں نے کہا کہ شکایت موصول ہونے پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور باریک بینی سے کی گئی تفتیش اور تکنیکی تجزیے کے ذریعے ٹیم نے چوری میں ملوث دو ملزموں کی شناخت کرکے ان کو گرفتار کیا۔
ملزموں کی شناخت محمد الطاف بخشی ولد محمد افضل بخشی ساکن رنبیر پورہ کہری بل مٹن اننت ناگ اور عادل گلزار گنائی ولد گلزار احمد گنائی ساکن چی اننت ناگ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران چوری شدہ سیب کے کریٹ اور وہ آٹو لوڈ کیرئر جو واردات میں استعمال کیا گیا تھا، بر آمد کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں انجام دینے کے لئے پر عزم ہے۔
