سری نگر: صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے سیاحوں کو موسم سرما میں کشمیر آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ عوامی خدمات کو یقینی بنانے اور سرمائی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں موسم سرما کے پیش نظر بھی بہتر سے بہتر تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔
صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں لالچوک میں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
موسم سرما کی آمد کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘ہر سال کی طرح امسال بھی اس کے لئے بہتر سے بہتر تیاریاں کی گئی ہیں، صوبائی سطح پر تمام ضلع مسجٹریٹوں نے پختہ تیاریاں کی ہیں اور کنٹرول، روم برف ہٹانے ، بجلی وغیرہ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے تاکہ مقامی لوگوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے’۔سیاحت کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘حکومت اس سیزن میں سرمائی سیاحت کا آغاز کرنے کی کوششوں میں جٹی ہوئی ہے، ہم تمام سیاحوں کو کشمیر آںے کی دعوت دیتے ہیں’۔
صوبائی کمشنر نے کہا کہ تمام اہم سیاحتی مقامات پر مناسب انتظامات کئے گئے ہیں اور ہم تمام سیاحوں کا یہاں وادی میں خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتطامیہ نے ہیلپ لائنز اور برف صاف کرنے کے نظام کو مزید فعال کر دیا ہے تاکہ سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے سفر میں کسی قسم کی کوئی دقت پیش نہ آئے۔