جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے کٹرہ قصبے کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع ، شری ماتا ویشنو دیوی مندر میں یاترا کے ساتھ ساتھ پیر سے نو روزہ نوراتری کا تہوار بھی انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ شروع ہوا۔شری ماتا ویشنو دیوی کی یاترا، جو کہ 18 ستمبر کو دوبارہ شروع ہوئی، میں نوراتری کا تہوار شروع ہونے کے ساتھ ہی ملک بھر سے یاتریوں کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوا ہے۔
شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے اس پرمسرت موقع پر یاتریوں کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔
شرائن بورڈ نے بھون اور گردونواح کے علاقوں کو بھی خوبصورتی کے ساتھ ایک روشن روحانی نخلستان میں تبدیل کر دیا ہے اور مقدس مندر میں یاتریوں کا پر تپاک استقبال کیا جا رہا ہے۔
مندر کی شاندار سجاوٹ میں دیسی اور غیر ملکی پھلوں، پھولوں، کا استعمال کیا گیا ہے اور استقبال کے دروازے اور ٹریک کو بھی شاندار طریقے سے سجایا سنوارا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، بھون کے علاقے کو شاندار رنگ برنگی روشنیوں سے منور کر دیا گیا ہے، جس سے عقیدت مندوں کے لیے ایک مسحور کن ماحول پیدا ہو گیا ہے۔
شرائن بورڈ نے ان یاتریوں کی ایک بڑی تعداد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی وسیع انتظامات کیے ہیں جو نوراتری کے دوران مندر میں پوجا کریں گے۔
حکام نے بتایا کہ مقدس مندر کی طرف جانے والے تمام راستے یاتریوں کی آسانی سے نقل و حرکت کے لیے مکمل طور پر برقرار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ چار دنوں کے دوران 10 ہزار کے قریب یاتریوں نے اس مقدس مندر کی یاترا انجام دی ہے۔
حکام نے بتایا کہ روزانہ بنیادوں پر کم سے کم 2 ہزار یاتری شری ویشنو دیوی یاترا انجام دیتے ہیں۔