پیر, ستمبر ۲۲, ۲۰۲۵
27.2 C
Srinagar

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں کابینہ کا اہم اجلاس منگل کو طلب

سری نگر: وزیرِاعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں جموں و کشمیرکابینہ کا ایک اہم اجلاس منگل کو سری نگر میں منعقد ہوگا جس میں اسمبلی سیشن کے انعقاد کے لئے حتمی سفارشات طے کی جائیں گی۔قانونی تقاضوں کے پیشِ نظر حکومت کو اگلے سیشن کو اکتوبر کے آخر تک بلانا لازم ہے اور کابینہ اسی شیڈول کا حتمی فیصلہ کر کے لیفٹننٹ گورنر کو بھجوائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت قانونی طور پر اس بات کی پابند ہے کہ اکتوبر کے اختتام سے قبل اگلا اجلاس بلایا جائے۔ جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کے مطابق دو اجلاسوں کے درمیان وقفہ چھ ماہ سے زیادہ نہیں ہو سکتا۔ چونکہ پچھلے اجلاس کی آخری نشست 29 اپریل کو ہوئی تھی، اس لئے لازمی ہے کہ خزاں کا اجلاس زیادہ سے زیادہ 28 اکتوبر تک بلایا جائے۔

ذرائع کے مطابق منگل کے اجلاس میں اسمبلی سیشن کی تاریخ طے کرکے اس کی سفارش لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو بھیجی جائے گی۔ اس دوران اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے یہ دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ اجلاس کو صرف رسمی کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ عوامی مسائل، خاص طور پر سیلاب متاثرین کی بازآبادکاری، بڑھتی بے روزگاری، بجلی اور پانی کی قلت جیسے موضوعات کو بھی زیر بحث لایا جائے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img