سری نگر: نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) سری نگر نے جنوبی کشمیر میں پہلے ہی ضبط شدہ 10.735 کلو چرس کی کھیپ کے مرکزی وصول کنندہ کو گرفتار کر لیا ہے اور اس طرح جموں و کشمیر سے مغربی بنگال تک پھیلے بین ریاستی منشیات کے اسمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش ہوا ہے۔ملزم کی شناخت کھوکا دے عرف کھوکا دا کے طور پر ہوئی ہے جو کولکتا کا رہائشی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ملزم کو باو بازار میں ایک اہم کارروائی کے دوران این سی بی کولکاتا کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہی اس ممنوعہ مال کا اصل وصول کنندہ تھا۔
این سی بی کے بیان میں کہا گیا: ‘یہ گرفتاری اس نیٹ ورک کے درمیان روابط کو ظاہر کرتی ہے اور جموں و کشمیر سے مغربی بنگال تک پھیلے ہوئے منشیات کے کاروبار کے بین ریاستی دائرہ کار کو اجاگر کرتی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اس کیس میں تین افراد جن میں ایک ماسٹر مائنڈ، ایک درمیانی فرد اور ایک سپلائر شامل ہیں، کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ چرس کولکاتا میں تقسیم کرنے کے لئے بھیجی جا رہی تھی۔
این سی بی حکام کے مطابق دے ایک عادی مجرم ہے اور کولکاتا اور اس کے گرد وپیش علاقوں میں منشیات کی تقسیم میں کلیدی رول ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاری اس نیٹ ورک چین کے لئے ایک بیت برا دھچکا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ وہ اس نیٹ ورک کی پچھلی اور اگلی کڑیاں کھوجنے میں مصروف ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات سے متعلق معلومات قومی ہیلپ لائن 1933 پر فراہم کریں۔