جموں میں مختلف جرائم میں ملوث تین خطرناک مجرم گرفتار: پولیس
پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پولیس پوسٹ بٹھنڈی (جو پولیس اسٹیشن باہو فورٹ کے دائرہ اختیار میں آتی ہے) نے مختلف جرائم میں ملوث تین خطرناک مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پولیس پوسٹ بٹھنڈی کی ایک ٹیم نے تین خطرناک مجرموں کو گرفتار کیا ہے جو مختلف جرائم میں ملوث تھے۔
انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت محمد مجید عرف بہول ولد محمد حنیف، محمد سمیر ولد عبد الغنی اور مراد علی عرف فاجی ولد عبدالغنی ساکنان ڈاک بنگلہ موالیان، میراں صاحب جموں کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ گرفتاریاں ایف آئی نمبر 152/2025 کے تحت بی این ایس کے دفعات 331 (6)، 191(2)، 191(3)،115 (2) اور ایف آئی نمبر 19/2023 کے تحت پی آئی سی کے دفعات 506/323/382/342/365 میں پولیس اسٹیشن باہو فورٹ میں درج مقدمات کے سلسلے میں عمل میں لائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والے ہتھیار بھی بر آمد کئے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ان گرفتاریوں کے ساتھ ہی علاقے میں سرگرم بدنام زمانہ مجرموں کی سرگرمیوں کو بڑا دھچکہ لگا ہے
انہوں نے کہا کہ مذکورہ مجرموں کی گرفتاری جموں پولیس کی جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔
جموں میں دو منشیات فروش گرفتار، ہیروئن جیسا مواد بر آمد: پولیس
منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے جموں میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن بشناہ کی ایک پارٹی نے چک ابارتہ میں ایک ناکہ لگا دیا۔
انہوں نے کہا اس دوران دو افراد کو دھر لیا گیا اور تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے264 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا اور ایک موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبرjk02dc – 4576 بھی ضبط کی گئی۔
گرفتار شدہ ملزموں کی شناخت پارس ولد پورن سنگھ ساکن قاسم نگر حال نئی بستی جموں اور ونود کلوترا ولد جوگندر کمار ساکن چک جالرہ بشناہ کے طور پر ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بشناہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر102/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں مزید کامیابیاں متوقع ہیں۔
جموں پولیس نے لوگوں سے منشیات کے متعلق سرگرمیوں کے متعلق اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔




