سری نگر،: پیپلز کانفرنس کے صدر اور رکن اسمبلی سجاد لون نے سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل متاثر رہنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران سےمیوہ صنعت کو نقصان پہنچنے پر نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا: ‘خراب موسم حکومت کی غلطی نہیں ہے۔ لیکن خاموش تماشائی کی طرح بیٹھنا اور کچھ نہ کرنا مجرمانہ عمل ہے’۔موصوف صدر نے یہ باتیں پیر کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کیں۔
انہوں نے کہا: ‘ ملک کے باقی حصوں کے لیے پہنچنے والے سیب سڑنے لگ گئے ہیں۔ سیب کے کاشتکاروں کے لیے بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ کچھ تدارکی اقدامات ضرور ہوں گے’۔
ان کا کہنا تھا: ”خراب موسم حکومت کی غلطی نہیں ہے۔ لیکن خاموش تماشائی کی طرح بیٹھنا اور کچھ نہ کرنا مجرمانہ عمل ہے’۔
سجاد لوں نے عمر عبداللہ سے قومی شاہراہ پر ٹرکوں کی بلا روک ٹوک نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک حکمت عملی بنانے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے کہا: ‘ وزیراعلیٰ صاحب کو میرا عاجزانہ مشورہ ہے۔ ملک بھر میں بے مقصد گھومنا بند کریں، اپنے افسران اور متعلقین کے ساتھ بیٹھیں اور ایک حکمت عملی بنائیں’۔
رکن اسمبلی کا یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب سیب سے لدے ٹرک قومی شاہراہ پر پھنسے ہوئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کی صبح بڈگام سے آدرش نگر دہلی تک پہلی وقف پارسل ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جس میں روزانہ کئی ٹن میوہ سری نگر سے دہلی پہنچ جائے گا۔