سری نگر،:محمکہ موسمیات نے جموں صوبے کے کچھ علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھاری بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جبکہ اس دوران وادی میں بھی کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران جموں کے کچھ میدانی علاقوں، پیر پنچال اور چناب وادی میں بھاری بارشیں متوقع ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں 17 سے 19 اگست تک بارشوں کے ایک اور مرحلے کا امکان ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ جموں صوبے کے کچھ مقامات پر اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور کہیں کہیں سیلابی ریلے، لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر کھسک آنے کے بھی خطرات ہیں۔ایڈوائزری میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دریائوں اور ندی نالوں کے نزدیک جانے سے پرہیز کریں۔