جمعرات, اگست ۱۴, ۲۰۲۵
21.6 C
Srinagar

سری نگر میں متعدد مقامات پر سی بی کے کے چھاپے

سری نگر: کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے ایک ہائی پروفائل سرمایہ کاری کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں بدھ کے روز ضلع سری نگر میں متعدد مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں یہ کارروائیاں پولیس اسٹیشن اقتصادی جرائم ونگ سری نگر (کرائم برانچ کشمیر) میں آئی پی سی کی دفعہ 420، 467، 468، 471، اور 120- بی کے تحت اس سال ایک ایف آئی آر درج کیے جانے کے بعد انجام دی گئیں۔

ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ کشمیر کو ایک آن لائن شکایت موصول ہوئی، جس میں یہ الزام لگایا گیا کہ شکایت کنندہ کو ماجد نذیر نجار ولد نذیر احمد نجار ساکن بٹہ مالو نزدیک محبوب پبلک سکول اور مبارک احمد راتھر ولد نثار احمد راتھر ساکن گلشن نگر نامی دو دھوکہ بازوں نے سرمایہ کاری پر زیادہ منافع کا وعدہ کرکے دھوکہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزموں نے مبینہ طور پر آدرش کوآپریٹو سوسائٹی، ایس بی آئی لائف انشورنس، اور ایچ ڈی ایف سی انشورنس سمیت مختلف مالیاتی اداروں کے مجاز نمائندے ہونے کا دعویٰ کیا اور مبینہ طور پر انہوں نے شکایت کنندہ کو سرمایہ کاری کے ثبوت کے طور پر ڈپازٹ سرٹیفکیٹ فراہم کئے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاہم تحقیقات کے دوران یہ سرٹیفکیٹ جعلی پائے گئے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور دوران تفتیش شواہد سے دونوں ملزمان کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں افراد کو مزید تفتیش کے لیے پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img