بدھ, دسمبر ۳, ۲۰۲۵
12.2 C
Srinagar

بسنت گڑھ میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 3 سی آر پی ایف اہلکار جاں بحق، 10 زخمی

زخمیوں کو نکالنے کے لیے آرمی ہیلی کاپٹر طلب

اودھم پور،: جموں و کشمیر کے ضلع اودھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں جمعرات کو ایک المناک حادثے میں سی آر پی ایف کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 3 اہلکار جاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

سرکاری ذرائع نے کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کو بتایا کہ سی آر پی ایف کی گاڑی پہاڑی علاقے میں ایک مقام کی طرف جا رہی تھی کہ اچانک سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔

ایک سرکاری اہلکار نے بتایا: "ریسکیو آپریشن فوراً شروع کر دیا گیا، اور تمام زخمیوں کو موقع حادثہ سے نکال لیا گیا۔” انہوں نے مزید بتایا: "زخمیوں میں سے پانچ کی حالت نہایت نازک ہے جنہیں بہتر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔”

وفاقی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا: "کندوہ – بسنٹ گڑھ علاقے میں سی آر پی ایف کی گاڑی کے حادثے کی خبر افسوسناک ہے۔ گاڑی میں سی آر پی ایف کے کئی بہادر جوان سوار تھے۔”

انہوں نے مزید لکھا: "میں نے ابھی ڈی سی محترمہ سلونی رائے سے بات کی ہے، جو خود صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں اور مجھے مسلسل آگاہ کر رہی ہیں۔ ریسکیو اقدامات فوری طور پر شروع کر دیے گئے ہیں۔ مقامی لوگ بھی رضاکارانہ طور پر مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔ ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔”

مزید برآں، زخمیوں کو نکالنے کے لیے فوج کے ہیلی کاپٹرز بھی طلب کیے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اودھم پور کی درخواست پر آرمی ہیلی کاپٹرز کو سخت زخمیوں کو فضائی ذریعے سے اسپتال پہنچانے کے لیے استعمال میں لایا گیا ہے۔ — (کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img