جموں: جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں تمام درگاہوں اور زیارتگاہوں کو جدید ترین سہولیات کے ساتھ از سر نو بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کو درگاہوں اور زیارتگاہوں کی دیکھ ریکھ کے لئے ہی بنایا گیا ہے۔موصوف چیئرپرسن نے ان باتوں کا اظہار ضلع راجوری کے پیر پنچال علاقے میں جامع مسجد کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ہماری درگاہوں اور زیارتگاہوں کو نظر انداز کیا جا رہا تھا جو ہمارے لئے ایک المیہ تھا ہم نے کوشش کی کہ درگاہوں اور زیارتگاہوں کو از سر نو بحال کریں یا تعمیر کریں’۔ان کا کہنا تھا: ‘وقف بورڈ ان درگاہوں اور زیارتگاہوں کی دیکھ ریکھ کے لئے بنا ہے اگر اہم ایسا نہیں کریں گے تو وقف بورڈ کی کوئی اہمیت نہیں ہے’۔
ڈاکٹر درخشاں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ‘ہمیں کافی مشکلات کا سامنا تھا لیکن ایل جی انتظامیہ نے ہمارا ساتھ دیا جس کی وجہ سے وقف بورڈ اپنا کام انجام دینے میں کامیاب ہوا’۔
انہوں نے کہا: ‘راجوری میں شاردا شریف ایک ماڈل درگاہ بن گئی ہے ملک میں شاید اس جیسی جدید سہولیات والی درگاہ نہیں ہے’۔ان کا کہنا ہے جموں وکشمیر میں تمام درگاہوں اور زیارتگاہوں کی جدید ترین سہولیات کے ساتھ از سر نو بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔




