جمعرات, مارچ ۵, ۲۰۲۶
20.3 C
Srinagar

کشمیر میں اگلے تین دنوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع

سری نگر،: خشک موسم اور دن کا درجہ حرارت لگاتار معمول سے زیادہ ریکارڈ ہونے کے بیچ محمکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے تین دنوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں مزید اضافہ ریکارڈ ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ وادی میں اگلے تین دنوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ مزید اضافہ ریکارڈ ہونے کی توقع ہے تاہم اس کے بعد بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی کا امکان ہے۔

انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ زرعی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھ سکتے ہیں۔محکمے کے ایک ترجمان نے 17 مارچ تک موسمی صورتحال کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں 5 سے 6 مارچ تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 سے 9 مارچ موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بعض پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشوں کی توقع ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 10 اور 11 مارچ کو موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکے درجے کے برف و باراں کا امکان ہے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ 12 سے 15 مارچ تک موسم عام طور خشک رہ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 16 اور 17 مارچ کو موس ایک بار پھر عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔

دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت 2 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی میں مشہور سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت 2.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں شبانہ درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img