جموں: جموں پولیس نے دھوکہ دہی کے ایک کیس میں دو افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے 20 لاکھ روپیے بر آمد کئے ہیں۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سریتا کرن زوجہ روی کمار ساکن روپ نگر جانی پور نے پولیس پوسٹ منوال میں ایک تحریری شکایت درج کی جس میں الزام لگایا گیا کہ اس کو آصف علی ولد محمد اختر ساکن منسر نامی ایک شخص نے اپنے ایک نامعلوم ساتھی کے ساتھ دھوکہ دیا۔
انہوں نے کہا: ‘شکایت کنندہ نے بتایا کہ ملزم اس کے پاس ایک من گھڑت کہانی لے کر آیا کہ اس کا والد کینسر کی بیماری میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے اس کو فوری مالی امداد کی ضرورت ہے، اس نے مجھے فریب دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس 5 سو گرام سونا ہے جس کو بیچ کر میں والد کے علاج کے لئے روپیوں کا انتظام کرنا چاہتا ہوں’۔
بیان میں کہا گیا: ‘شکایت کنندہ کے مطابق وہ اس کہانی سے جذباتی ہوئی اور 20 لاکھ روپیوں کا انتظام کیا اور سورینسر میں ملزم کو ملنے کے لئے تیار ہوئی تاہم وہاں ملزم اور اس کے ساتھی نے مبینہ طور پر اس سے بیگ، جس میں نقدی رقم تھی، چھین لیا اور فرار ہوگئے’۔انہوں نے کہا کہ اس شکایت پر پولیس اسٹیشن جھجر کوٹلی میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ فوری اور موثر تحقیقات کے بعد دونوں ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت آصف علی ولد محمد اختر ساکن چھنی منسر اور راقب ولد شفیع ساکن چنھی منسر کے طور پر کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے ملزموں کی تحویل سے 20 لاکھ روپیوں کی رقم بھی بر آمد کی۔ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور بر آمد شدہ رقم کو عدالت سے اجازت حاصل کرنے کے بعد متاثرہ کے حوالے کیا جائے گا۔