اس ریلی کی قیادت پارٹی لیڈر انجینئر اعجاز حسین نے کی جنہوں نے لال چوک پہنچ کر ایک کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا، ان کے ساتھ پارٹی کارکن ‘تیری جان میری جان ہندوستان ہندوستان’ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر اعجاز حسین نے میڈیا کو بتایا: ‘میں سب سے پہلے دفعہ 370 کی منسوخی کے چھ سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور پارٹی قیادت کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں’۔
انہوں نے کہا: ‘اس دفعہ کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں ہمہ گیر ترقی ہوئی اور لوگوں کو اپنے حقوق مل گئے جس کے لئے میں مرکزی سرکار کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اس سے پہلے یہاں آئین نافذ نہیں ہوتا تھا کیونکہ یہاں اپنا آئین اور جھنڈا تھا لیکن بی جے پی نے ہمیشہ ایک آئین اور ایک جھنڈے کا نعرہ بلند کیا ہے’۔
موصوف لیڈر نے بتایا: ‘جو قوانین ملک میں نافذ تھے وہ یہاں نافذ نہیں تھے’۔
انہوں نے کہا: ‘آج یہاں کوئی ہڑتال ہوتی ہے نہ پتھر بازی ہوتی ہے بلکہ تعلیمی ادارے اور بازار سال بھر کھلے رہتے ہیں’۔
انہوں لوگوں سے بی جے پی کے ساتھ جڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ‘لوگوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں بی جے پی کے ساتھ جڑنا چاہئے اور اپنے حقوق کے لئے کھڑا ہونا چاہئے’۔