سری نگر: کرائم برانچ کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے تلہ باغ شانگس سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جس پر مبینہ طور پر ‘ہائی ڈنسٹی’ والے سیب کے پودوں کی فراہمی کے بہانے متعدد افراد کو دھوکہ دینے کا الزام ہے۔ایجنسی کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان کہا: ‘ایجنسی کو میسرز اے آر ٹریڈنگ ایگری سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے مالک شاہد رحمان بٹ کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئیں جس پر ہائی ڈنسٹی والے سیب کے پودے فراہم کرنے کا جھوٹا وعدہ کر کے کسانوں اور باغبانی کے شوقین افراد سے بڑی رقم اینٹھنے کا الزام لگایا گیا’۔
انہوں نے کہا: ‘شکایت کنندگان نے الزام لگایا کہ کروڑوں روپیے وصول کرنے کے باوجود ملزم نے نہ تو وعدے کے مطابق پودے فراہم کئے اور نہ ہی رقم واپس کی اور رقم حاصل کرنے کے بعد وہ مبینہ طور پر روپوش ہو گیا’۔بیان میں کہا گیا: ‘شکایت کنندگان کی جانب سے جمع کرائے گئے بینک ٹرانزیکشن سٹیٹمنٹس کے تجزیے سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ ملزم نے متعدد متاثرین سے اچھی خاصی رقم وصول کی ہے، جو ایک منصوبہ بند دھوکہ دہی کو ظاہر کرتی ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے، اقتصادی جرائم ونگ نے بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) 2023 کی دفعہ 318 (4) کے تحت اقتصادی جرائم ونگ (کرائم برانچ کشمیر) کے پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا ہے’۔ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔