جموں:معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جموں کے نگروٹہ علاقے میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ بن ٹول پلازہ نگروٹہ پر معمول کی چیکنگ کے دوران ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر NL03AA- 7721 جو اودھم پور سے جموں کی طرف آ رہی تھی، کو روکا گیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ٹرک سے 18.40 کلو خشخاش بھوسہ جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جو ٹول بکس کے پیچھے چھپایا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرک میں سوار دو ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔
ملزموں کی شناخت ہردیو سنگھ ولد فرسیم سنگھ اور مندیپ سنگھ ولد گردیا سنگھ ساکنان گرداس پور پنجاب کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن نگروٹہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس کو درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی جموں پولیس کے منشیات کی بیخ کنی کے لئے عزم کا عکاسی کرتی ہے۔
یو این آئی