بدھ, جولائی ۹, ۲۰۲۵
27.9 C
Srinagar

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 60 فلسطینیوں کی موت

غزہ: غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ میں منگل کو رہا کئے گئے چھ قیدیوں اور ایک پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت کم از کم 60 فلسطینی ہلاک ہوگئے۔

غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے چین کی خبر رساں ایجنسی زنہوا کو بتایا کہ خان یونس، جنوبی غزہ اور الجوادین اور وسطی غزہ میں بے گھر افراد کے دو خیموں پر اسرائیلی گولہ باری میں چھ افراد مارے گئے ۔

حماس نے کہا ہے کہ چھ قیدیوں کو اسرائیلی جیلوں سے رہا کر کے مغربی کنارے سے غزہ بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ شہر کے مغرب میں الرمل میں فلسطینیوں کے ایک اجتماع پر اسرائیلی فضائی حملے میں دو بچوں اور دو خواتین سمیت چھ افراد مارے گئے۔ وہیں تل الحوا میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے میں معصوم بچہ سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے مشرق میں واقع التفح میں ایک مکان پر اسرائیلی فضائی حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے جب کہ غزہ شہر کے جنوب میں الزیتون میں ایک رہائشی علاقے پر اسرائیلی ڈرون حملے سے تین افراد ہلاک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ التفح اور شیخ ردوان میں اسرائیلی بمباری میں ایک بچے سمیت دو افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسطی غزہ کے دیر البلاح قصبے میں ایک گاڑی پربم دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ دریں اثنا، ناصر میڈیکل کمپلیکس نے کہا کہ خان یونس کے مغرب میں المواسی کے علاقے پر الگ الگ فضائی حملوں میں منگل کی صبح 25 فلسطینی مارے گئے۔

فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق المواسی پر اسرائیلی گولہ باری سے ایک پیرا میڈیکل اہلکار بھی اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ جنوبی غزہ میں رفح کے شمال میں امریکی حمایت یافتہ امدادی تقسیم کے مرکز کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین بچوں سمیت چھ فلسطینی ہلاک ہو گئے۔

ان واقعات پر اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ منگل کو غزہ میں صحت افسران کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 18 مارچ کو اسرائیل کی جانب سے دوبارہ فوجی آپریشن شروع کرنے کے بعد سے کم از کم 7,013 فلسطینی مارے گئے اور 24,838 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔ اس طرح اکتوبر 2023 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 57,575 ہو گئی ہے، جب کہ مجموعی طور پر 136,879 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img