جمعہ, جولائی ۴, ۲۰۲۵
25.1 C
Srinagar

کشتواڑ میں تیسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری، ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے گھنے جنگلات میں چھپے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سیکورٹی فورسز کی جانب سے جاری تلاشی مہم جمعہ کو تیسرے روز بھی جاری رہی۔ حکام کے مطابق علاقے میں اضافی دستے تعینات کرکے حفاظتی محاصرہ مزید سخت کیا گیا ہے۔دفاعی ذرائع کے مطابق بدھ کی شام پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ضلع کشتواڑ کے کچال-چھاترو علاقے کے کنزل منڈو جنگل میں دو سے تین دہشت گرد موجود ہیں۔ اس کے بعد پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا، جس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

سیکورٹی فورسز نے کنزل منڈو اور چھاترو کے وسیع جنگلاتی علاقے کو محاصرے میں لے لیا ہے، جہاں ہیلی کاپٹروں، ڈرون طیاروں اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے دہشت گردوں کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔حکام نے بتایا کہ آپریشن کو وسیع تر علاقے تک پھیلایا گیا ہے تاکہ ممکنہ فرار کے راستے بند کیے جا سکیں۔ بدھ کو ہونے والا تصادم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جموں خطے میں دوسرا ایسا واقعہ ہے۔

قبل ازیں 26 جون کو ادھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں ایک تصادم کے دوران پاکستان سے تعلق رکھنے والا جیشِ محمد کا ایک دہشت گرد مارا گیا تھا، جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ذرائع کے مطابق کشتواڑ کے جنگلات میں سرگرم دہشت گردوں کا تعلق بھی جیشِ محمد سے ہے اور ان میں سے ایک کی شناخت مبینہ طور پر سیف اللہ کے طور پر کی گئی ہے، جو سیکیورٹی ایجنسیوں کو طویل عرصے سے مطلوب ہے۔سیکورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ خطے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے ایسی کارروائیاں شدت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی اور دہشت گردوں کے تمام ٹھکانوں کو ختم کیا جائے گا۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img