سری نگر: مرکزی وزیر زراعت شیو راج سنگھ چوہان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں ایک کلین پلانٹ سنٹر قائم کیا جائے گا تاکہ کسانوں کو سیب، بادام اور اخروٹ کے عالمی معیار کے پودے فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں پرائیویٹ نر سریوں کو بھی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘کشمیر کی خوبصورتی ہی نہیں بلکہ یہاں کے لوگوں کا پیار دل کو موہ لیتا ہے، یہ سچ مچ زمین پر جنت ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘میں نے جموں وکشمیر میں ترقی کے لئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ صاحب کے ساتھ میٹنگیں کیں، کشمیر باغبانی کا مزکز بن جائے گا’۔
مسٹر چوہان نے کہا: ‘کشمیر میں ایک کلین پلانٹ سینٹر قائم کا جائے گا تاکہ کسانوں کو معیاری اور بیماری سے پاک پودے فراہم کئے جا سکیں’۔انہوں نے کہا: ‘اس پلانٹ میں دنیا کے سب سے بہتر پودے تیار ہوں گے اور یہ پلانٹ ڈیڑھ سو کروڑ روپیوں کی لاگت سے تیار ہوگا’۔ان کا کہنا تھا کہ زعفران کے لئے ٹیشو کلچر لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی اور پرائیویٹ نرسریوں کو سبسڈی دی جائے گی۔
وزیر زراعت نے بتایا کہ مرکزی حکومت، جموں و کشمیر حکومت کو شعبہ زراعت و باغبانی کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر میں کوئی بھی غریب کچے چھت کے نیچے نہ سوئے، یہ ہمارا مشن ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘وزیر اعظم آواس یوجنا کے تحت 5 لاکھ لوگوں کا سروے کیا گیا ہے اور ان کو ویریفکیشن کے بعد مکان دئے جائیں گے’۔
موصوف وزیر نے ملک کے لوگوں کو کشمیر آںے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ‘میں ملک کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ کشمیر کے لوگ ان کا انتظار کر رہے ہیں وہ یہاں آئیں اور بھائی چارے کی ایک نئی مثال قائم کریں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی ترقی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔
یو این آئی ایم افضل