جموں: صحت اور تعلیم کی وزیر سکینہ یتو نے بی جی پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اب جموں وکشمیر کے لوگوں کو کہنے کے لئے کچھ بھی نہیں ہے اسی لئے لا یونیورسٹی کے جموں میں قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘لیکن لوگ سمجھدار ہیں؛ وہ ان حربوں کو سمجھتے ہیں’۔
موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ انتخابات سے پہلے، بی جے پی نے یہاں کے لوگوں سے نوکریاں دینے، ان کے بینک کھاتوں میں 10 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، ایک ہندو وزیر اعلیٰ کے بارے میں بھی بات کی تھی۔ آج ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اب وہ سوچتے ہیں کہ وہ ایک لاء یونیورسٹی کا مطالبہ کر کے لوگوں کو خوش کر سکتے ہیں۔ لیکن لوگ سمجھدار ہیں وہ ان حربوں کو سمجھتے ہیں’۔
ویشنو دیوی کالج کے حالیہ تنازع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سکینہ یتو نے کہا: ‘ دیکھئے کہ ویشنو دیوی کالج میں 50 طلباء کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔ اگر حکومت اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ان کے داخلوں کو محفوظ بنانے میں سنجیدہ نہ ہوتے تو ان کے مستقبل کا کیا ہوتا’۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر ایک ہے، لا یونیورسٹی کشمیر میں قائم کی جائے، بارہمولہ، کپوارہ یا کہیں بھی قائم کی جائے جموں کے طلبا وہاں پڑھنے جائیں گے’۔





