منگل, جولائی ۱, ۲۰۲۵
32.2 C
Srinagar

شری امرناتھ یاترا:بھگوتی نگر بیس کیمپ پر یاتریوں کی بڑی تعداد میں آمد شروع

جموں: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کل یعنی 2 جولائی کو یہاں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے شری امرناتھ جی یاترا کے پہلے قافلے کو کشمیر کے لئے روانہ کریں گے۔امسال 38 دنوں پر محیط شری امرناتھ جی یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔اس پوتر یاترا میں شریک ہونے کے لئے ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں یاتری بھگوتی نگر بیس کیمپ پر جمع ہو رہے ہیں۔ایک یاتری نے بتایا: ‘یہ میری چوتھی یاترا ہے،پہلی یاترا پر ہمارا 4 یاتریوں کا گروپ تھا جو بڑھ آج پچاس تک پہنچ گیا ہے’۔انہوں نے کہا: ‘کوئی ڈر نہیں ہے، پہلگام واقعے کے بعد رجسٹریشن منسوخ کرنے کا سوچا لیکن پھر حکومت نے حالات ٹھیک کر دئے اور جموں وکشمیر کے لوگوں نے بھی یاترا کرنے کی بار بار دعوت دی’۔دلی سے تعلق رکھنے والے ایک یاتری نے بتایا: ‘ڈرنے کی کوئی بات ہی نہیں ہے، کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے، بابا نے بلایا ہے، حکومت نے بہت اچھے انتظامات کئے ہیں’۔

سرکار ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا 2 جولائی کی علی الصبح 4 بجے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے پہلے قافلے کو روانہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ قافلہ شام کو کشمیر پہنچے گا اور پھر 3 جولائی سے دونوں روایتی راستوں ننون پہلگام راستے اور بالتل راستے سے بہ یک وقت یاتری پوتر گھپا کے درشن کے لئے روانہ ہوں گے۔حکومت اور شرائن بورڈ نے احسن اور کامیاب کاترا کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی و دیگر سہولیات کے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گذشتہ روز کہا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ اور شری امرناتھ شرائن بورڈ نے اس سال کی شری امرناتھ یاترا کے لیے کافی بہتر انتظامات کئے ہیں۔جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) نالین پربھات (آئی پی ایس) نے پیر کو اننت ناگ میں رینج پولیس ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں جنوبی کشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال بالخصوص شری امرناتھ جی یاترا 2025 کے سلسلے میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔انہوں نے ننون اور چندن واری میں قائم بیس کیمپوں کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں تعینات فورسز، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ یاتریوں کو ایک پرامن اور محفوظ سفر کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ادھر شری امرناتھ یاترا کے پیش نظر، جموں پولیس نے ضلع بھر میں متعدد اسٹریٹجک مقامات پر مشترکہ ناکے (چیک پوائنٹس) قائم کرکے سیکورٹی انتظامات کو نمایاں طور پر تقویت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چوکیاں نیم فوجی دستوں کے ساتھ مل کر قائم کی گئی ہیں تاکہ یاترا کے بغیر کسی رکاوٹ اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔ان کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں، شہر کے اطراف اور بھگوتی نگر بیس کیمپ کی طرف جانے والے راستوں سمیت حساس ترین اور زیادہ نقل و حرکت والے علاقوں میں چوکیاں چوبیس گھنٹے کام کریں گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img