جمعہ, جون ۱۳, ۲۰۲۵
32.5 C
Srinagar

کشمیر میں 13 جون تک گرمی کی لہر سے راحت ملنے کی کوئی امید نہیں

سری نگر: خوشگوار موسم کے لئے مشہور وادی کشمیر میں شدت کی گرمی جاری ہے جس نے لوگوں کو گوناگوں مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 13 جون تک شدید گرمی سے راحت ملنے کی کوئی امید نہیں ہے۔انہوں نے لوگوں سے زیادہ سے زیادہ مقدار میں پانی پینے اور شدید گرمی کے وقت باہر نکلنے سے پرہیز کرنے کی صلاح دی ہے۔

متعلقہ محکمے کے مطابق وادی میں 13 جون تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 14 سے 17 تک موسم کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کچھ مقامات پر تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ 18 سے 20 جون تک ایک بار پھر موسم خشک اور گرم رہ سکتا ہے۔

محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں لوگوں سے زیادہ سے زیادہ مقدار میں پانی پینے اور بیرونی سرگرمیوں سے پرہیز کرنے کی صلاح دی ہے جبکہ کسانوں سے اپنے کھیت کھلیانوں میں کام جاری رکھنے کو کہا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران جموں کشمیر میں کہیں کہیں شدید ہیٹ ویو کا بھی امکان ہے۔ادھر وادی میں جاری شدت کی گرمی کے پیش نظر والدین سکولوں میں گرمی کی تعطیلات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اعجاز احمد نامی ایک والد نے یو این آئی کو بتایا: ‘شدید گرمی کے پیش نظر اسکولوں میں مختصر گرمائی تعطیلات کا اعلان کرنے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے’۔انہوں نے کہا: ‘موسم میں تبدیلی واقع ہونے کے بعد سکول دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا جا سکتا ہے، کم سے کم پرائمری سطح تک کے اسکولوں میں گرمائی تعطیلات ہونی چاہئے’۔ان کا کہنا تھا: ‘محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق متعلقہ محکمہ گرمائی چھٹیوں کا پلان تیار کرسکتا ہے’۔

وزیر تعلیم سکینہ یتو نے گذشتہ روز کہا کہ وادی میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر حکومت اسکولوں کے لیے جلد تعطیلات کا اعلان کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔انہوں نے کہا: ‘محکمہ تعلیم موجودہ موسمی حالات کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ اگر ہمیں محسوس ہوا کہ قبل از وقت تعطیلات دینا ضروری ہے، تو ہم اس پر فیصلہ لیں گے۔

وادی میں جاری گرمی کی لہر کے پیش نظر ڈاکٹروں نے بھی لوگوں سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔انہوں نے لوگوں سے لسی، لیمبو پانی اور گھر میں تیار کی جانے والی مشروبات کو خاص طور پر استعمال کرنے کو کہا ہے۔

لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے زین تن کریں اور باہر نکلتے وقت اپنے سروں کو کپڑے سے ڈھانپیں یا چھتری، ٹوپی کا استعمال کریں۔ماہرین نے خاص طور پر عمر رسیدہ ،افراد، مریضوں اور بچوں کو گرمی کے سخت اوقات کے دوران باہر نکلنے سے اجتناب کرنے کی صلاح دی ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img