جموں،: منشیات کے اسمگلروں اور پیڈلرز کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے ضلع ادھم پور میں سال رواں کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران 2 کروڑ روپیوں کا ممنوعہ مواد ضبط کیا ہے جبکہ 62 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے ہفتہ کے روز بتایا کہ اودھم پور پولیس نے 62 ملزمان کے خلاف نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹرپک سبسٹنسز (این ڈی پی ایس) اور پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت 44 مقدمات درج کیے ہیں جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 16 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ چار فارمیسی کی دکانوں کو بھی بند کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالیاتی اثاثوں کے خلاف ایک اہم کریک ڈاؤن میں منشیات فروشوں کے 35 بینک اکاؤنٹس جن کی مالیت 16 لاکھ 70 ہزار 7 سو 3 روپیے ہے، کو منجمد کردیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ پانچ مہینوں میں کل 2.07 کروڑ مالیت کا ممنوعہ مواد ضبط کیا گیا اوراین ڈی پی ایس سے متعلقہ اور مویشیوں کی اسمگلنگ کے معاملات میں 4.19 کروڑ کی جائیدادیں ضبط کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے عدالتوں سے 20 مقدمات میں 27 منشیات فروشوں کو کامیابی سے سزائیں بھی دلوائیں۔
اودھم پور میں منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد:پولیس
منشیات کے خلاف جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے پولیس نے اودھم پور میں ایک کٹر منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن اودھم پور کی ایک ٹیم نے کلرہ کالج کے نزدیک معمول کی گشت اور گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک مشکوک شخص کو دھر لیا جس نے پولیس کو دیکھ کر چھپنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے5.78 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی موقع پر ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار شدہ شخص کی شناخت سنیل کمار ولد کالی داس ساکن ساتامی نزدیک ائیر فورسز اسٹیشن اودھم پور کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن اودھم پور میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ملزم سڑک حادثے کے ایک مقدمے میں بھی ملوث ہے۔
یو این آئی