جمعہ, مئی ۳۰, ۲۰۲۵
13.6 C
Srinagar

بدرواہ میں تیسرا لیونڈر فیسٹیول یکم جون سے، مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ افتتاح کریں گے

جموں: انڈین انسٹیٹیوٹ آف انٹیگریٹیو میڈیسن (سی ایس آئی آر-آئی آئی آئی ایم)، جموں کی جانب سے یکم اور 2 جون کو بھدرواہ میں تیسرے لیونڈر فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا افتتاح مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کریں گے۔ اس موقع پر صنعتکار، پالیسی ساز، اسٹارٹ اپس، اور سول سوسائٹی کے اراکین بھی شریک ہوں گے۔

سی ایس آئی آر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر احمد نے بدھ کے روز بتایا کہ آرومہ مشن کے تحت جموں و کشمیر میں اب تک 50 سے زائد لیونڈر ڈسٹلیشن یونٹس نصب کیے جا چکے ہیں تاکہ مقامی سطح پر لیونڈر کی پیداوار کو بہتر طریقے سے پراسیس کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ بھدرواہ آرومہ مشن کے تحت ایک ماڈل خطہ بن کر ابھرا ہے، جہاں کے کسانوں نے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اعلیٰ معیار کے پودے فروخت کیے ہیں۔ مقامی کسانوں نے اب تک 1500 کلوگرام لیونڈر آئل اور 93000 کلوگرام خشک لیونڈر پھول پیدا کیے، جنہیں کامیابی سے مارکیٹ میں فروخت کیا گیا، جس سے کل کاروباری حجم 10.5 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔

ڈاکٹر زبیر نے بتایا کہ آرومہ مشن نے نہ صرف کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کیا ہے بلکہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ متعدد خواتین نے لیونڈر کی کاشت اور اس سے جڑے کاروبار میں سرگرم شراکت اختیار کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول کا مقصد اس کامیابی کا جشن منانا اور خوشبودار فصلوں میں زرعی صنعتکاری اور اسٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر ایگری-اسٹارٹ اپ ایکسپو کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جہاں لیونڈر سے جڑے نئی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کی جائے گی۔

ڈاکٹر زبیر نے کہا کہ آرومہ مشن کے تحت اب تک 5000 سے زائد کسان اور نوجوان کاروباری افراد شامل ہو چکے ہیں، جنہیں پودوں کے مفت بیج، مکمل تکنیکی معاونت، اور مارکیٹنگ سپورٹ فراہم کی گئی ہے۔

تیسرے لیونڈر فیسٹیول میں نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ اتراکھنڈ اور شمال مشرقی ریاستوں سے بھی نمائندگان شرکت کریں گے، تاکہ لیونڈر کی کامیاب کاشت اور کاروبار کو قومی سطح پر وسعت دی جا سکے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img