جمعہ, مئی ۳۰, ۲۰۲۵
22.5 C
Srinagar

سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد ہسپتال میں داخل: جے پانڈا

کویت: جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلی اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے صدر غلام نبی آزاد کو کویت کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہ آل پارٹی وفد کا حصہ ہیں، جو آپریشن سندور کے بعد پاکستان کے چہرہ کو بے نقاب کرنے کے مقصد سے مختلف ممالک کے دورہ پر ہے۔

اطلاعات کے مطابق غلام نبی آزاد کی طبیعت منگل کو بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں کویت کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ آزاد کی صحت سے متعلق ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے جو اس وفد کا حصہ ہیں، کہا کہ وہ ان سے اسپتال میں ملنے گئے تھے اور اس دوران آزاد جذباتی ہو گئے۔

غلام نبی آزاد کی جستجو کی تعریف کرتے ہوئے، نشی کانت دوبے نے کہاکہ "اپنی خراب صحت کے باوجود، انہوں نے ملک کے لیے وفد کا حصہ بننا قبول کیا، آج بھی جب ہم ان سے اسپتال میں ملے تو ان کی آنکھیں آنسوؤں سے تر تھیں۔ آج کے دور میں ایسے سیاستدانوں کا ملنا مشکل ہے، جس کی جلد صحت یابی کےلئے میں دعا گو ہوں”۔

وہیں وفد کی قیادت کررہے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ بائیجینت پانڈا نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر تصاویر شیئر کیں اور غلام نبی آزاد کی صحت کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کو دورے کے بیچ میں ہی ہسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ پانڈا نے یہ بھی واضح کیا کہ آزاد کی حالت مستحکم ہے اور وہ طبی نگرانی میں ہیں۔ کچھ ضروری ٹسٹ بھی کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ "بحرین اور کویت میں ہونے والی ملاقاتوں میں ان کا تعاون بہت متاثر کن تھا اور وہ ہسپتال میں داخل ہونے سے مایوس ہیں۔ ہم سعودی عرب اور الجزائر میں ان کی موجودگی کو یاد کریں گے۔” پانڈا نے آزاد کی اہم شراکت پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر وفد میں شامل ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ ‘آپریشن سندور’ کے بعد بھارتی اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل کل جماعتی وفود مختلف ممالک کا دورہ کررہے ہیں۔ اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان کی جانب سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنا اور عالمی برادری کو حقیقت سے آگاہ کرانا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img