جمعرات, مئی ۲۹, ۲۰۲۵
17.2 C
Srinagar

میر واعظ عمر فاروق کا آن لائن جوئے کے بڑھتے ہوئے اثرات پر تشویش کا اظہار

سری نگر: میرواعظ کشمیر میر واعظ عمر فاروق نے آن لائن جوئے کے بڑھتے ہوئے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے معاشرے کے اخلاقی اور سماجی تانے بانے کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور اس عمل پر پابندی عائد کرے۔

انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک طویل پوسٹ میں کہا: ‘ایک نئے خطرے نے ہمیں گھیر لیا ہے اور ہم معاشرے پر اس کی بڑھتی ہوئی گرفت کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور وہ آن لائن جوا ہے’۔

ان کا کہنا ہے: ‘اس کے اثرات بھی منشیات کے پھیلاؤ جیسے خطرناک ہیں جس سے ہم پہلے ہی نبرد آزما ہیں یہ بھی ہزاروں لوگوں کو ‘تفریح’ کے طور پر نشے کی طرح عادی بنا رہا ہے ،انہیں اور ان کے خاندانوں کو تباہ کر رہا ہے اور ہمارے اخلاقی تانے بانے کو خراب کر رہا ہے’۔

میر واعظ نے حکومت کی فوری مداخلت پر زور دیتے ہوئے کہا: ‘یہ ہماری فوری توجہ کا متقاضی ہے اور حکومت کو اس کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے، یہ اس کا فرض ہے’۔

انہوں نے کہا: ‘ ترقی محض لوگوں کی معاشی ترقی یا ان کے لیے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نہیں ہے جب وہ اخلاقی اور روحانی طور پر پست ہوں’۔

میر واعظ نے جامع ردعمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: ‘ان سنگین خدشات کو فوری بنیادوں پر دور کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی اور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے’۔

انہوں نے کہا: ‘ کمیونٹی کی شمولیت بھی ضروری ہے، کمیونٹی اور سماجی سطح پر، لوگوں کو بھی اس سے نمٹنے کے لیے متحرک ہونا پڑے گا سب کچھ حکومت پر نہیں چھوڑا جا سکتا’۔
میرواعظ نے اس مسئلے سے نمٹنے میں مذہبی رہنماؤں کے کردار پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا: ‘مذہبی علما کو مذہبی تعلیمات اور اقدار کی روشنی میں ان مسائل کے بارے میں اخلاقی بیداری پیدا کرنے اور تمام دستیاب ذرائع سے لوگوں میں پیغام پھیلانے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے’۔

میر واعظ نے عدلیہ سے بھی اس مسئلے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘میں عدالیہ سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور اس سے پہلے کہ مزید نقصان ہو اس پر فوری پابندی عائد کریں’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img