وارانسی،: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز چار نئی وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
مسٹر مودی نے یہاں بنارس ریلوے اسٹیشن پر منعقد ایک تقریب میں بنارس-کھجوراہو ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ورچوئل طور پر لکھنؤ-سہارنپور، بنگلورو-ایرناکلم اور فیروزپور کینٹ-دہلی وندے بھارت پریمیئم ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کے ساتھ مرکزی ریلوے وزیر اشوِنی ویشنَو اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔
خصوصی پاس پر ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ بڑی تعداد میں اسکولوں کے بچے بھی ٹرین میں سوار تھے۔ وزیر اعظم نے ٹرین میں بچوں اور ڈرائیور سے بھی بات چیت کی۔
اس کے ساتھ ہی ملک میں وندے بھارت ٹرینوں کی تعداد 78 سے بڑھ کر 82 ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ 15 فروری 2019 کو پہلی وندے بھارت ٹرین کا افتتاح کیا گیا تھا، جو نئی دہلی سے وارانسی کے درمیان چلائی گئی تھی۔ اب تک ملک بھر میں مختلف راستوں پر وندے بھارت ٹرینوں میں ساڑھے سات کروڑ سے زیادہ مسافر سفر کر چکے ہیں۔ اس کا دائرہ 24 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک وسیع ہوچکا ہے۔
مسٹر مودی نے دلہن کی طرح سجے بنارس ریلوے اسٹیشن سے کھجوراہو جانے والی افتتاحی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس ٹرین کی خاص بات یہ ہے کہ یہ وزیر اعظم کے پارلیمانی حلقے سے کھجوراہو کے لیے یہ پہلی باقاعدہ ٹرین ہے۔
عام دنوں میں وارانسی-کھجوراہو وندے بھارت (26422) صبح 5:25 بجے وارانسی سے روانہ ہوگی اور دوپہر 1:10 بجے کھجوراہو پہنچے گی۔ واپسی کی ٹرین (26421) دوپہر 3:20 بجے روانہ ہوگی اور رات 11 بجے وارانسی واپس آئے گی۔ یہ ٹرین جمعرات کے علاوہ ہفتے میں چھ دن چلے گی۔ اس کے اسٹاپ بلاک ہٹ ’کے‘، وندیاچل، پریاگ راج، باندا، مہوبا اور کھجوراہو میں ہوں گے۔
لکھنؤ-سہارنپور وندے بھارت (26504) صبح 5 بجے لکھنؤ سے چلے گی اور دوپہر 12:45 بجے سہارنپور پہنچے گی۔ واپسی کی ٹرین (26503) سہ پہر 3 بجے روانہ ہوگی اور رات 11 بجے لکھنؤ پہنچے گی۔ اس کے اسٹاپ سیتاپور، سیتاپور سٹی، شاہجہانپور، بریلی، مرادآباد، نجیب آباد، رڑکی اور سہارنپور میں ہوں گے۔ یہ ٹرین پیر کے علاوہ ہفتے میں چھ دن چلے گی۔




