سری نگر: وزیر برائے محکمہ جل شکتی، جنگلات، ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا کا کہنا ہے کہ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ اسی پر ہماری بقا منحصر ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا محکمہ جنگلات اس پر کام کر رہا ہے لیکن تمام لوگوں کو اس میں اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔
موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو سری نگر میں بین الاقوامی دن برائے حیاتیاتی تنوع کی تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘آج دنیا بھر میں عالمی دن برائے حیاتیاتی تنوع منایا جا رہا ہے، موسمیاتی تبدیلی عالمی سطح پر ایک بہت بڑا چلینج بن گیا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لئے مل کر کام کیا جائے کیونکہ ہماری بقا اسی پر منحصر ہے’۔
جاوید رانا نے کہا کہ جموں وکشمیر کا محکمہ جنگلات اس سلسلے میں کئی محاذوں پر کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا: ‘تمام لوگوں کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا رول نبھائیں تاکہ ہم اس مشن میں کامیاب ہوسکیں’۔واضح رہے کہ یوم حیاتیاتی تنوع ،حیاتیاتی تنوع کے مسائل کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کی طرف سے منظور شدہ بین الاقوامی دن ہے۔
یو این آئی