نارائن پور: چھتیس گڑھ کے نارائن پور ضلع میں بدھ کو سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان تصادم میں سیکورٹی فورسز کو بڑی کامیابی ملی انکاؤنٹر کے دوران سیکورٹی فورسز نے 26 نکسلیوں کو ہلاک اور کئی دیگر کو زخمی کردیا مقابلے کے دوران ایک فوجی شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا پولیس حکام نے بتایا کہ ابوجھماڑ علاقے میں صبح سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان تصادم شروع ہوا۔ نارائن پور ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پربھات کمار نے بتایا کہ ضلع کے ابوجھماڑعلاقے کے ماڈ ڈویژن میں نکسلیوں کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (ڈی آر جی) نارائن پور، ڈی آر جی دنتے واڑہ،ڈی آرجی بیجاپور اورڈی آر جی کونڈاگاؤں کی مشترکہ ٹیم کو نکسل مخالف آپریشن کے لئے روانہ کیا گیا ۔
وزیر داخلہ وجے شرما نے کہا کہ نارائن پور، بیجاپور اور دنتے واڑہ کے سرحدی علاقوں میں ایک بڑا آپریشن جاری ہے۔ یہ کارروائی سیکورٹی فورسز کو ملنے والی اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔ اس میں فوجیوں نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اب تک 26 نکسلیوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ اس آپریشن میں روپیش سے بڑے کمانڈر بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ آپریشن اب بھی جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ تصادم میں ایک فوجی شہید اور ایک فوجی زخمی ہوا ہے۔
سیکورٹی فورسز نے انکاؤنٹر کے مقام پر نکسلی کمانڈروں کو بھی گھیر لیا ہے۔ اطلاع ملی ہے کہ نکسل لیڈر روپیش اور وکلپ بھی پھنس گئے ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیاں کافی دنوں سے ان دونوں پر نظر رکھے ہوئے تھیں اور اگر ان کی گرفتاری یا انکاؤنٹر میں مارے جانے کی تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ نکسل مخالف آپریشن میں ایک بڑی کامیابی ہوگی۔