بدھ, مئی ۱۴, ۲۰۲۵
26.6 C
Srinagar

عمر عبداللہ کا دورہ اوڑی،حالیہ گولہ باری سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا

سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی طرف سے پاکستانی گولہ باری سے متاثر ہونے والے علاقوں کا بچشم خود زمینی سطح پر جائزہ لینے کے لئے دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے کی ایک کڑی میں انہوں نے بدھ کے روز شمالی کشمیر کے قصبہ اوڑی کے سلام آباد، لگامہ، بنڈی اور گنگال علاقوں کا دورہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس دوران ان علاقوں میں ہوئی تباہی کا جائزہ لیا اور وہاں لوگوں کے ساتھ بات چیت بھی کی اور انہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔


اس دوران رکن اسمبلی سجاد شفیع، ناصر اسلم وانی اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ سول و پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ اوڑی کے گولہ باری سے متاثرہ علاقوں بشمول سلام آباد، لگامہ، بانڈی اور گنگل کا دورہ کیا’۔
ان کا پوسٹ میں کہنا تھا: ‘اس سرزمین نے سال 2005 کے زلزلے کے اثرات سے لے کر سرحد پار سے گولہ باری کے درد تک بہت کچھ برداشت کیا ہے لیکن اس کے باوجود اس کے لوگوں نے ہر بار انتہائی ہمت و حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے’۔
قبل ازیں انہوں نے ‘ایکس’ پر پوسٹ میں کہا: ‘حالیہ گولہ باری سے متاثر ہونے والوں سے ملنے کے لیے آج اوڑی جا رہا ہوں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ پچھلے کچھ دنوں میں، میں نے اپنے لوگوں کے بے پناہ درد، نقصان اور ناقابل تصور ہمت کا مشاہدہ کیا ہے، یہ دورے خوشیاں بانٹنے کے لیے، ترقی کی بات کرنے کے لیے ہونے چاہیے تھے لوگوں کو تعزیت کے لیے نہیں۔’۔
انہوں نے کہا: ‘ لوگوں کا درد میرا ذاتی درد ہے’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img