نئی دہلی،: جسٹس بی آر گوائی نے بدھ کو سپریم کورٹ کے 52 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ایک تقریب میں انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر جے پی نڈا، مرکزی وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال، سبکدوش ہونے والے جج سنجیو کھنہ، کئی مرکزی وزرا، سپریم کورٹ کے جج اور ہائی کورٹ کے کئی سابق ججز سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر جسٹس گوائی کی اہلیہ، والدہ اور خاندان کے دیگر افراد موجود تھے۔ چیف جسٹس کا حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے اپنی والدہ کے پاؤں چھوئے۔جسٹس کھنہ منگل 13 مئی کو 51 ویں چیف جسٹس کے طور پر ریٹائر ہو گئے۔ انہوں نے جسٹس گوائی کو بطور چیف جسٹس اپنا جانشین بنانے کی سفارش کی تھی۔
جسٹس گوائی کو 24 مئی 2019 کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دی گئی تھی۔ وہ 23 نومبر 2025 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ میں ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال ہے۔جسٹس گوائی کی بطور چیف جسٹس تقرری کو عدالت عظمیٰ کی تاریخ میں سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ وہ سابق چیف جسٹس کے جی بالاکرشنن کے بعد درج فہرست ذات برادری سے تعلق رکھنے والے دوسرے شخص ہیں جو عدلیہ میں اعلیٰ عہدے پر پہنچے ہیں۔
جسٹس گوائی آر ایس گوائی کے بیٹے ہیں، جو ایک مشہور سیاست دان، ممتاز امبیڈکرائٹ، سابق ایم پی اور کئی ریاستوں کے گورنر رہ چکے ہیں۔انہوں نے ناگپور یونیورسٹی سے بی اے، ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد 16 مارچ 1985 کو قانون کی پریکٹس شروع کی۔ انہوں نے 1987 سے 1990 تک بامبے ہائی کورٹ میں آزادانہ طور پر پریکٹس کی۔ 1990 کے بعد انہوں نے بنیادی طور پر آئینی قانون اور انتظامی قانون میں بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ کے سامنے پریکٹس کی۔
جسٹس گوائی کو 14 نومبر 2003 کو ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر ترقی دی گئی۔ وہ 12 نومبر 2005 کو بمبئی ہائی کورٹ کے مستقل جج بن گئے۔جسٹس گوائی ہائی کورٹ کے جج کے طور پر اپنی مدت کار کے دوران ممبئی میں پرنسپل بنچ کے ساتھ ساتھ ناگپور، اورنگ آباد اور پنجی میں تمام قسم کے کام کے بوجھ کے ساتھ بنچوں کی صدارت کی۔
مہاراشٹر کے سابق ایڈوکیٹ جنرل اور بمبئی ہائی کورٹ کے جج آنجہانی بیرسٹر راجہ ایس بھوسلے کے ساتھ 1987 (مختصر مدت) تک قانونی کیریئر کی بنیاد رکھی۔جسٹس گوائی سپریم کورٹ میں کئی آئینی بنچ کے فیصلوں کا حصہ رہے ہیں، جن میں نوٹ بندی، آرٹیکل 370، انتخابی بانڈ اسکیم اور ایس سی/ایس ٹی زمروں میں ذیلی درجہ بندی شامل ہیں۔ انہوں نے ایس سی/ایس ٹی کے درمیان کریمی لیئر کو متعارف کرانے کی پرزور وکالت کی۔
یواین آئی