جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندرکی یاترا محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری خراب موسمی صورتحال کی پیش گوئی کے پیش نظر اتوار سے تین دنوں کے لئے معطل رہے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ یاترا 8 اکتوبر سے دوبارہ بحال ہوگی۔یاتریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سرکاری چینلز کے ذریعے اپ ڈیٹ رہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں 5 سے 7 اکتوبر تک برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے جس دوران تیز بارشوں کے نتیجے میں کہیں کہیں لینڈ سلائینڈنگ ہونے کا بھی امکان ہے۔
شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ ہندوستانی محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ خراب موسمی ایڈوائزری کے پیش نظر، ویشنو دیوی یاترا 5 سے 7 اکتوبر 2025 تک معطل رہے گی’۔
انہوں نے کہا کہ یاترا 8 اکتوبر سے دوبارہ بحال ہوگی۔
حکام نے یاتریوں سے کہا ہے کہ وہ سرکاری چینلز کے ذریعے اپ ڈیٹ رہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 26 اگست کو ویشنو دیوی راستے پر موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم 34 یاتری جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ اس سانحے کے بعد یاترا کو یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بند رکھا گیا تھا۔
حکام نے بعد میں18 ستمبر کو اس پوتر یاترا کو دوبارہ بحال کیا تھا اور یاترا بحال ہونے کے ساتھ ہی کٹرہ قصبے میں چہل پہل بڑھ گئی ہے اور دکاندار اور دوسرے کاروباری خوش نظر آ رہے ہیں۔