سری نگر: کانگریس کے سینئر لیڈر وقار رسول وانی کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی پہلگام واقعے سے اس قدر پریشان ہیں کہ انہوں نے اپنا دورہ امریکہ منسوخ کر دیا۔انہوں نے کہا: راہل جی نے پہلے سی ڈبلیو سی کی میٹنگ بلائی، پھر کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کی اور اب یہاں سری نگر آئے’۔موصوف لیڈر نے یہ باتیں جمعہ کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتائیں۔
راہل گاندھی کے دورہ سری نگر کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘راہل جی پہلگام حادثے سے بہت پریشان ہیں، انہوں نے امریکہ کا دورہ منسوخ کیا، سی ڈبلیو سی کی میٹنگ طلب کی، کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کی اور اب یہاں آئے’۔ان کا کہنا تھا کہ راہل گاندھی ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد پارٹی لیڈروں سے بھی ملیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی اپنے یک روزہ دورہ وادی کے لئے جمعہ کے روز سری نگر پہنچے۔ان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب وادی کشمیر میں سیکیورٹی کی صورتحال سخت ہے اور سرحدی علاقوں میں بھی کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز سیاحتی مقام پہلگام کی بیسرن وادی میں دہشت گردانہ حملے میں 25 سیاح اور ایک مقامی شخص جاں بحق ہوا۔ اس سانحے سے جموں وکشمیر سمیت پورے ملک میں ماتم کا ماحول ہے۔