ہفتہ, اگست ۲۳, ۲۰۲۵
20.4 C
Srinagar

پہلگام حملے کے خلاف احتجاج: کشمیری اخبارات نے صفحہ اول سیاہ کر دیا

سرینگر — وادی کشمیر کے کئی سرکردہ اخبارات نے بدھ کے روز پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے خلاف احتجاج کے طور پر اپنے صفحہ اول کو سیاہ رنگ میں شائع کیا۔ اس حملے میں زیادہ تر سیاحوں سمیت 26 افراد جان بحق ہو گئے تھے۔

اخبارات کی یہ منفرد احتجاجی پیش کش، جس میں سفید یا سرخ رنگ کے پراثر عنوانات درج تھے، کشمیری عوام اور میڈیا کے اندرونی درد اور اجتماعی سوگ کی بھرپور عکاسی کر رہی تھی۔

گریٹر کشمیر، رائزنگ کشمیر، کشمیر عظمیٰ، ایشین میل ،آفتاب اور تعمیل ارشاد جیسے معروف انگریزی و اردو اخبارات کی جانب سے فارمیٹ میں یہ تبدیلی گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری و ستم کی یاد دہانی تھی۔

معروف انگریزی روزنامہ گریٹر کشمیر نے سیاہ پس منظر پر سفید حروف میں سرخی لگائی: "خوفناک: کشمیر جھلسا، کشمیری سوگوار”، سبزہ زار میں قتل ِ عام  جب کہ ذیلی سرخی سرخ رنگ میں تھی: "پہلگام میں دہشت گردی کے ہلاکت خیز حملے میں 26 افراد جاں بحق”۔

اخبار کے اداریے کا عنوان تھا: "وادی میں قتلِ عام — کشمیر کی روح کا تحفظ کیجیے”۔ اداریے میں لکھا گیا:
"یہ سفاکانہ حملہ صرف معصوم جانوں پر حملہ نہیں، بلکہ یہ کشمیر کی پہچان اور اقدار پر ایک سوچا سمجھا وار ہے — اس کی مہمان نوازی، معیشت اور نازک امن پر۔ کشمیر کی روح اس درندگی کی غیر مبہم مذمت کرتی ہے اور ان متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتی ہے، جو حسن کی تلاش میں آئے تھے، مگر سانحہ پا گئے۔”

اداریے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایک ایسے سیاحتی مقام پر، جہاں صرف پیدل یا گھوڑے کے ذریعے رسائی ممکن ہے، دہشت گردی کا واقعہ سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور خفیہ اطلاعات کے نظام میں بہتری کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

"ایسی ہولناکیوں کی روک تھام کے لیے مزید مستعدی، عوامی شراکت اور دہشت گردی کا مکمل قلع قمع ضروری ہے۔”

"کشمیری عوام نے طویل عرصے سے تشدد کا سامنا کیا ہے، مگر ان کی روح آج بھی سربلند ہے۔ یہ حملہ ہمیں بانٹنے نہیں، بلکہ دہشت گردی کے خلاف متحد کرنے کا سبب بنے۔ ہم حکومت، سیکورٹی فورسز، سول سوسائٹی اور عوام سب سے اپیل کرتے ہیں کہ متحد ہو کر اس چیلنج کا سامنا کریں۔”

اداریے کے اختتام پر کہا گیا:
"صرف غیرمتزلزل عزم کے ذریعے ہی ہم اپنے وطن کے مستقبل کی حفاظت کر سکتے ہیں، تاکہ پہلگام کی وادیاں بندوقوں کی آواز نہیں، ہنسی کی گونج سے گونجیں — اور کشمیر امن و خوشحالی کی علامت بن کر رہے۔” — (پی ٹی آئی)

Popular Categories

spot_imgspot_img