جمعرات, جولائی ۱۰, ۲۰۲۵
17.1 C
Srinagar

سرینگر کے شادی ہالز خستہ حالی کا شکار، کرایوں میں بے تحاشا اضافہ

نمائندہ خصوصی

سرینگر: وادی کشمیر میں شادیوں کا سیزن شروع ہوچکا ہے، اور اس کے ساتھ ہی شادی ہالز کی قبل از وقت بکنگ کا رجحان بھی زور پکڑ رہا ہے۔ تاہم، سرینگر میونسپل کارپوریشن ( ایس ایم سی )کے زیر نگرانی چلنے والے شادی ہالز کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے، جس پر مقامی آبادی سخت برہمی کا اظہار کر رہی ہے۔

لعل بازار سرینگر کے علاقے میں واقع سکھ باغ کمیونٹی ہال اس زبوں حالی کی ایک نمایاں مثال ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق، اس شادی ہال میں صفائی ستھرائی کا کوئی مناسب انتظام نہیں، دیواریں داغ دھبوں سے بھری پڑی ہیں، فرش ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکا ہے، کھڑکیاں اور دروازے مرمت کے متقاضی ہیں، جبکہ بیت الخلا ناقابلِ استعمال ہو چکے ہیں۔ حیران کن طور پر، اس خستہ حالی کے باوجود ہال کے کرایے میں تین گنا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس نے شہریوں کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔
شادی ہالز میں سہولیات کی عدم فراہمی پر مقامی شہریوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافہ تبھی جائز ہوسکتا ہے جب بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے، لیکن یہاں معاملہ بالکل برعکس ہے۔ نہ صرف سہولیات کا فقدان ہے، بلکہ انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے شادی ہالز کی حالت دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔

شہریوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ضروری اقدامات کریں۔ عوامی مطالبات میں فرش کی مرمت، دیواروں کی رنگ و روغن، کھڑکیوں اور دروازوں کی بحالی، صفائی کے انتظامات اور بیت الخلا کی درستگی شامل ہیں، تاکہ یہ مقامات شادیوں اور دیگر تقریبات کے لیے قابلِ استعمال بن سکیں۔
شادیوں کے سیزن کی آمد کے پیش نظر، یہ ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا متعلقہ حکام اس عوامی مسئلے کو حل کرنے کے لیے کوئی عملی اقدام اٹھائیں گے یا نہیں

Popular Categories

spot_imgspot_img