پیر, اگست ۱۸, ۲۰۲۵
17 C
Srinagar

ہندواڑہ انکاونٹرمیں پاکستانی دہشت گرد مارا گیا :ایس ایس پی

سری نگر:شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے زچلڈارہ ہندواڑہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم آرائی میں پاکستانی ملی ٹینٹ مارا گیا ہے۔
ایس ایس پی ہندواڑہ مشتاق چودھری نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ پیر کی صبح سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد زچلڈارہ جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔
انہوں نے کہاکہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کردی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔
ایس ایس پی کے مطابق گولیوں کا تبادلہ تھم جانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جائے تصادم کے نزدیک ایک ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی جس کی بعد ازاں شناخت پاکستانی دہشت گرد سیف اللہ کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہلوک دہشت گرد کے قبضے سے ایک اے کے رائفل، چار میگزین، گرینیڈ اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز کے کسی بھی اہلکار کو چوٹ وغیرہ نہیں آئی۔
واضح رہے کہ یہ وادی کشمیر میں گذشتہ قریب دو مہینوں کے دوران ہونے والا پہلا انکاﺅنٹر تھا۔
قبل ازیں شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں 20 اور 21 جنوری کو سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان ایک انکاﺅنٹر ہوا جس میں ایک فوجی جوان جاں بحق ہوا تھا تاہم ملی ٹنٹ علاقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img