پیر, اگست ۱۸, ۲۰۲۵
17 C
Srinagar

شری ماتا ویشنو دیوی حلقے میں 39 طبی ادارے فعال: سکینہ ایتو

جموں:وزیربرائے صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے آج ایوان کو بتایا کہ شری ماتا ویشنو دیوی (ایس ایم وِی ڈی) حلقہ میں 39 طبی ادارے فعال ہیں۔
سکینہ ایتو ایوان میں آج رُکن اسمبلی بلدیو راج شرما کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ شری ماتا ویشنو دیوی (ایس ایم وِی ڈی)حلقہ میں ایک کمیونٹی ہیلتھ سینٹر، 2 پرائمری ہیلتھ سینٹر، 5 نان۔ٹریٹمنٹ پرائمری ہیلتھ سینٹر اور 31 سب سینٹرفعال ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بھوماگ گاوں بلاک میڈیکل آفیسر ریاسی کے تحت آتا ہے اور وہاں بلاک میڈیکل آفیسر (بی ایم او) بھوماگ کی کوئی منظور شدہ اسامی نہیں ہے۔ نیز بھوماگ میں بی ایم او آفس کی کوئی عمارت زیر تعمیر نہیں ہے۔
وزیر صحت نے یہ بھی بتایا کہ ضلع کیپکس کے تحت کوتھرو اور کرونکوٹ میں ایک سب سینٹر زیر تعمیر ہے جبکہ سی ایچ سی کٹرہ 30 بستروں پر مشتمل سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) کے طور پر 5 خصوصی طبی سہولیات سونولوجسٹ اور آرتھوپیڈکس کی اِضافی خصوصی خدمات کے ساتھ کام کر رہا ہے ۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ آئی پی ایچ ایس (آئی پی ایچ ایس) معیار کے مطابق پی ایچ سی کے لئے کسی ماہر ڈاکٹر کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ تاہم، پی ایچ سی ٹوٹے (پی ایچ سی ٹوٹے) فعال ہے اور وہاں میڈیکل اور پیرا میڈیکل عملہ مکمل طور پر تعینات ہے۔
سکینہ ایتو نے محکمہ صحت میں خالی اَسامیوں کو پُرکرنے کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ نومبر 2024 میں محکمہ نے 365 میڈیکل اَفسران کو تقرر کیا اور اُنہیں جموں و کشمیر کے دُور دراز اور پسماندہ علاقوں کے طبی اِداروں میں تعینات کیا، تاکہ بنیادی سطح پر طبی سہولیات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ 91 منتخب میڈیکل اَفسران کی ویٹ لسٹ کو بھی فعال کرنے کا عمل جاری ہے جن کی خدمات بھی جموں و کشمیر کے پسماندہ علاقوں میں فراہم کی جائیں گی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ 181 میڈیکل اَفسران کی نئی اَسامیاں جلد ہی جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن سے موصول ہونے والی ہیں جس سے صحت کے مختلف اداروں میں عملے کی کمی کو نمایاں طور پر کم کیا جائے گا۔
وزیر صحت نے مزید بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف فیملی ویلفیئر، میٹرنٹی اینڈ چائلڈ ہیلتھ (ایم سی ایچ) اور امیونائزیشن سے نان گزیٹیڈ اورپیرامیڈیکل زُمرے میں 292 اسامیاں اور ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز جموں کے سلسلے میں 290 اَسامیاں بھی جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے اینڈ کے ایس ایس بی) کو بھجوائی گئی ہیں جس سے صحت نگہداشت کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اُنہوں نے سی ایچ سی کٹرہ کو ایس ڈِی ایچ یا اے ڈی ایچ میں اَپ گریڈ کرنے کے بارے میں کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو اسے آئی پی ایچ سی معیارات کے تحت اَپ گریڈ کیا جائے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img