جمعہ, مئی ۹, ۲۰۲۵
17.5 C
Srinagar

سکینہ اِیتو کا جموں میں خواتین کے عالمی دِن کی تقریبات سے خطاب

خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے بجٹ میں اقدامات پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ

جموں/وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا ہے کہ خواتین نے ہر میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور وہ ہمارے معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔وزیر موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار آج کنونشن سینٹر جموں میں منعقدہ عالمی یوم خواتین 2025 کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس برس عالمی یوم خواتین کا موضوع ’’ایکسلریٹ ایکشن ‘‘ہے جو صنفی مساوات کے لئے تیز تر اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔اُنہوں نے خواتین کامیاب شخصیات اور طالبات کے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صنفی مساوات، خواتین کو بااِختیار بنانے اور جامع ترقی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ایک منصفانہ اور مساوی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ اُنہوں نے خواتین کی ہر شعبے میں شرکت کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔سکینہ اِیتو نے کہا،’’خواتین ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ہمیں اِجتماعی طور پر ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں خواتین خود کو محفوظ، باوقار اور بااختیار محسوس کریں تاکہ وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکیں۔‘‘اُنہوںنے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ہمت اور کامیابیوں کو سراہا اور انہیں حوصلہ دیا کہ وہ رکاوٹوں کو دور کر کے ملک کی ترقی میں اپنا رول اَدا کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں سائنس، سیاست، کاروبار، آرٹس، سول سروسز، صحت عامہ اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں خواتین کی طاقت، ہمت اور خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے اور اس کام پر غور کرنے کی ضرورت ہے جو ابھی باقی ہے۔‘‘
وزیر موصوفہ نے اپنے خطاب میںوزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بجٹ پیش کرتے ہوئے خواتین کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لئے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے سرکاری بسوں میں مفت سفر کی سہولیت سے خواتین کی شرح خواندگی میں اضافہ ہوگا اور جموں و کشمیر میں خواتین کو مزید بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ مستحق خواتین کے لئے شادی امداد کی رقم 50,000 روپے سے بڑھا کر 75,000 روپے کر دی گئی ہے۔اِس کے علاوہ ضعیف العمر، بیوہ اور معذوری پنشن میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس سے کئی مستحقین کو فائدہ ہوگا۔
ٍ سکینہ اِیتو نے کہا کہ وقت بدل چکا ہے اور آج خواتین ہر میدان میں موجود ہیں۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ آج یہ عہد کریں کہ وہ بڑے خواب دیکھیں گی اور انہیں حاصل کرنے کے لئے پُرعزم رہیں گی۔
اِس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر کے لئے بالخصوص خواتین کے لئے فخر کی بات ہے کہ ہمارے خطے کی بیٹی آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) نئی دہلی جیسے ملک کے ایک باوقار طبی ادارے کی میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ کے عہدے پر فائز ہیں۔
ایم ڈِی مشن شکتی اور مشن وسالیہ ماجد خلیل درابو نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ یہ دن خواتین کی ناقابل یقین کامیابیوں کا اعتراف کرنے اور ان کے درپیش چیلنجوں کو تسلیم کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک معاشرے کے طور پر ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ایسا ماحول پیدا کریں جہاں خواتین کو اپنے خواب پورے کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کے مساوی مواقع ملیں۔
اِس موقعہ پر محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی زندگیوں کو بدلنے سے متعلق مختلف سکیموں پر مبنی ایک مختصر فلم بھی پیش کی گئی۔
وزیر موصوفہ نے جموں و کشمیر کی کئی کامیاب خواتین کو اعزاز سے نوازا جن میں کیلاش مہرا، ڈاکٹر ملن شرما، سریندر کور، روبینہ، نازیہ بی بی، سنیتا شرما، سنگیتا دیوی، گرمیت کور، کمتی کھجوریہ اور شگن منچندا شامل تھیں۔ اِس کے علاوہ کھیلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی چاوِی شرما، ریا بھکشِی اور جیا منہاس کو بھی مبارک باد دی۔
اُنہوں نے ہونہار طالبات میں ٹیب بھی تقسیم کئے۔
تقریب میں سونالی ڈوگرہ نے ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ’ پر شاندار پرفارمنس پیش کی جبکہ دیگر فنکاروں کے گروپ نے بھی یادگار فن کا مظاہرہ کیا۔
اس موقعہ پر جموں و کشمیر کی نمایاں خواتین کامیاب شخصیات، جیسے بھارتی پیرا آرچر، شیتل دیوی، بین الاقوامی کار ریسنگ چمپئن حمیرا مشتاق اور ایمز نئی دہلی کی میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ڈاکٹر نروپما مدن نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے خواتین کو اپنی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے مفید مشورے دئیے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img