نئی دہلی: چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے بحر ہند کے علاقے میں ہندوستان کی خصوصی جغرافیائی پوزیشن کو حکمت عملی کے لحاظ سے اہم قرار دیا اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے فضائی اور بحری طاقت کے انضمام پر زور دیا۔
منگل کو سینٹر فار ایئر پاور اسٹڈیز کے تعاون سے "فضائی اور بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی: بحر ہند کے علاقے میں جنگی طاقت کو بڑھانا” کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے، جنرل چوہان نے بدلتے ہوئے عالمی سلامتی کے منظر نامے میں تیاری اور چوکسی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ ساودرن ایئر کمانڈ کی جانب سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بحر ہند کے علاقے میں ہندستان کی خصوصی جغرافیائی پوزیشن سمندری علاقے کو تزویراتی دلچسپی کا ایک اہم علاقہ بناتی ہے۔ جوائنٹ فورس پلاننگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی مفادات کے تحفظ اور خطے میں ڈیٹرنس کو یقینی بنانے کے لیے فضائی اور بحری طاقت کا انضمام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی ترقی، اسٹریٹجک شراکت داری اور مشترکہ آپریشنل مشقیں ہندوستان کی دفاعی پوزیشن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
وائس چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر مارشل ایس پی دھارکر نے خطے میں ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے بحریہ اور فضائیہ کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ اور ہموار رابطہ کاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
یو این آئی