جموں/سپیکرجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے 3؍ مارچ 2025 ء سے جموں میں منعقد ہونے والے جموں و کشمیر یو ٹی مقننہ کے بجٹ سیشن کے لئے سیکورٹی اور دیگر متعلقہ اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج ایک میٹنگ طلب کی۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری جی اے ڈی ایم راجو، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، آئی جی پی جموں بی ایس توتی، سیکرٹری قانون اچل سیٹھی، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں سچن واشیا، کمشنر جے ایم سی ڈاکٹر دیونش یادو، ڈائریکٹر اطلاعات نتیش راجورا، ایس ایس پی ٹریفک، سی ایم او جموں،ایس ایس پی سیکورٹی سیکرٹریٹ، سیکرٹری جے کے ایل اے منوج کمار پنڈت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔سپیکرموصوف نے متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات دیں کہ بجٹ سیشن کے احسن اور بغیر کسی رُکاوٹ اِنعقاد کے لئے تمام ضروری اِنتظامات بروقت مکمل کئے جائیں۔میٹنگ میں سیکورٹی اِنتظامات، ٹریفک کنٹرول، فائر سروسز، بلاتعطل بجلی اور پانی کی فراہمی، قانون ساز کمپلیکس میں طبی سہولیات، میڈیا اِنتظامات اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے سیکورٹی اِنتظامات کے بارے میں متعلقہ اَفسران کو جموں میں جموںوکشمیرقانون ساز اسمبلی کے احاطے میں پارلیمانی روایات سے بخوبی واقف عملے کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ایم ایل ایز ہوسٹل ، جموں کے اندر اور باہر بھی قانون سازوں کی سلامتی و تحفظ کے لئے خاطر خواہ حفاظتی اِنتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔اُنہوں نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ جموں میں قانون ساز اسمبلی کمپلیکس، سول سیکرٹریٹ اور ایم ایل ایز ہوسٹل تک جانے والی سڑکوں پر ٹریفک کے مناسب اِنتظامات کریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سپیکرموصوف نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی جموں میں فائر فائٹنگ ٹینڈروں کی مناسب تعیناتی کی بھی ہدایت دی جبکہ جے کے ایل اے اور ایم ایل اے ہوسٹل جموں میں پہلے سے نصب آگ بجھانے والے آلات اور فائر ہائیڈرنٹس کی بھی جانچ کی جائے۔اُنہوں نے اسٹیٹس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ قانون ساز اسمبلی کی عمارت میں زیر اِلتوأ کام جلد مکمل کئے جائیںبالخصوص سینٹرل ہال ، ہائوس اور وِی آئی پی چیمبروں میں ضروری مرمت اور بہتری کیلئے اَقدامات کئے جائیں۔ سپیکر عبدالرحیم راتھر نے اسمبلی میں انٹرکام ٹیلیفون سسٹم لگانے اور پہلے سے نصب وی آئی پی چیمبروں میں فون لائنوں کی چیکنگ کی بھی ہدایت دی۔
سپیکر موصوف نے ڈائریکٹر اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ ہمیں قانون ساز اسمبلی میں قومی اِی ۔ودھان کا عملانا ہے جس کے لئے جگہ اور مزید کمروں کی ضرورت ہے اور اسمبلی سیکرٹریٹ میں دیگر محکموں سے کمرے خالی کئے جائیں۔
اُنہوں نے پی ڈِی ڈِی حکام کو ہدایت دی کہ سیشن کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے جے ایم سی سے یہ بھی کہا کہ وہ مقننہ کمپلیکس کے پورے احاطے اور لان کے اندر اور اردگرد صفائی کو یقینی بنائے۔
سپیکرجموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی نے جے کے ٹی ڈی سی کو ہدایت دی کہ قانون سازوں اور مقننہ کے عملے کی سہولیت کے لئے احاطے میں کینٹین کی سہولیت کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے میڈیکل اَتھارٹی کو پورے سیشن کے دوران طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی تاکید کی۔
اُنہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت دی کہ وہ اسمبلی سیشن کی مکمل اور مناسب کوریج کو یقینی بنائے جبکہ سیشن کے دوران مناسب پی اے ایس ، مائیکروفونز اور دیگر تکنیکی ضروریات کو پورا کرنے کے احکامات دئیے گئے ۔
سپیکر موصوف نے بی ایس این ایل حکام کو ہدایت دی کہ وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے چیمبروں میں نئے ٹیلیفون نصب کئے جائیں اور موجودہ لائنوں کی بحالی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔
میٹنگ میں موجود سینئر اَفسران نے سپیکرموصوف کو یقین دِلایا کہ بجٹ سیشن کے آغاز سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کئے جائیں گے۔
