سری نگر: وادی کشمیر میں دو ماہ سے زائد کی سرمائی تعطیلات کے بعد یکم مارچ کو پوری وادی میں اسکول طلبا کے شاندار استقبال کے ساتھ دوبارہ کھل رہے ہیں ۔ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے ہفتے کے روز ایک سرکیولر جاری کیا جس میں تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طلبا کے کلاسز میں واپسی کے متعلق ایک ساز گار اور خوشگوار ماحول کو یقینی بنائیں۔سرکیولر میں کہا گیا: ‘ طلباء کو متوجہ کرنے اور راغب کرنے کے لیے اسکولوں کو سجایا جانا چاہیے اورصفائی، ادارہ جاتی منصوبہ بندی، اور ٹائم ٹیبل کے انتظامات سمیت ضروری تیاریوں کو پہلے سے مکمل کر لیا جانا چاہیے’۔
اداروں کے سربراہان کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سکول دوبارہ کھولنے سے پہلے پینے کے پانی، بجلی، بیت الخلاء اور کھڑکیوں کی ضروری مرمت کو یقینی بنائیں۔ڈائریکٹوریٹ نے سرکیولر میں کہا ہے کہ بائیو میٹرک حاضری کے نظام اور جے کےحاضری پورٹل کو مکمل طور پر فعال اور اپ ڈیٹ ہونا چاہیے۔سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ اسکول کے احاطے کو صاف ستھرا اور بصری طور پر پرکشش رکھا جانا چاہیے تاکہ سیکھنے کا مثبت ماحول پیدا ہوسکے۔ہموار کوآرڈینیشن کو آسان بنانے کے لیے، کمپلیکس اور کلسٹر ہیڈز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اسکولوں کے ساتھ سنیٹائزیشن سیشن منعقد کریں۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں پانچیں جماعت تک کے طلبا کے لئے 10 دسمبر جبکہ چھٹی سے بارہویں جماعت تک کے طلبا کے لئے 16 دسمبر سے سرمائی تعطیلات ہوئی تھیں۔
