جموں:فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا کی صدارت میں ہفتے کو یہاں ایک مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔
میٹنگ کے دوران خطے میں قیام امن کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
یہ میٹنگ اس وقت کی گئی ہے جب ذرائع کے مطابق صوبہ جموں کے کچھ اضلاع میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی کارروائیوں کو تیز تر کر دیا ہے۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ہفتے کو ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا ‘جی او سی وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا کی زیر صدارت ایک مشترکہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ انٹیلی جنس ایجنسیوں، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف (سنٹرل ریزرو پولیس فورس) کے نمائندوں کے ساتھ منعقد ہوئی’۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ اس میٹنگ کا مقصد آپریشنل ہم آہنگی کے ساتھ خطے میں امن و سکون کو برقرار رکھنا تھا۔
